• news

پانی‘ پن بجلی ڈیمز منصوبوں کی تکمیل سے آبی ذخائر میں اضافہ ہوگا: مونس الٰہی  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں انہیں واپڈا کے ترقیاتی پورٹ فولیو اور پانی کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے میںآگاہی دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مونس الٰہی نے آبی وسائل کی اہمیت پر زور  دیا انہوں نے کہا کہ  وفاقی حکومت ملک میں پانی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور نیشنل گرڈ میں ہائیڈل بجلی کے تناسب کو بڑھانے کیلئے پانی اور پن بجلی کے منصوبے بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں پانی اور پن بجلی کے10 سے زائد ڈیمز کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ یہ منصوبے جن میں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، نئی گج ڈیم، سندھ بیراج اور کے فور پراجیکٹ شامل ہیں۔ جو ایک ایک کر کے تکمیل کو پہنچنے والے ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 13 ملین ایکڑ فٹ سے بڑھ کر 24 ملین ایکڑ فٹ سے زیادہ ہو جائے گی۔ جو مزید 1.6 ملین ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کیلئے کافی ہے۔ کراچی اور پشاور کو پینے کیلئے 950 ملین گیلن یومیہ فراہم کرے گا۔ 9000 میگاواٹ کے اضافے کے ساتھ نصب ہائیڈل کی پیداواری صلاحیت کو دوگنا کر کے 18000 میگاواٹ سے تجاوز کر جائے گا۔ مونس الٰہی نے کہا کہ یہ منصوبے تعمیر کے دوران تقریباً 35 ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔مسلم لیگ ق راولپنڈی کے وفد نے بھی مونس الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن