• news

عوامی شکایات پر فیصل آباد کے 3افسے معطل: منتب نمایندوں کیلئے دروازے کھلے ہیں : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیصل آباد سمیت ہر شہر کو ترقی کی سمت رواں کر دیا ہے۔ فیصل آباد میں ٹیکنیکل یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کریں گے۔ فیصل آباد رنگ روڈ کے منصوبے کو بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی دور میں فیصل آباد میں ریکارڈ ترقی ہو رہی ہے۔ حکومت عوام کے حقیقی مسائل کے حق کیلئے کوشاں ہے۔پنجاب کا ہر شہر اور ہر قریہ ترقی کرے گا۔ منتخب نمائندوں کی عزت پر حرف نہیں آنے دیں گے۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز اور سفارشات کا احترام کیا جائے گا۔ منتخب نمائندوں کے لئے میرے دروازے کھلے ہیں۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔ عثمان بزدار نے دورہ فیصل آبادکے دوران فرائض سے غفلت برتنے اور عوام کی شکایات پرایکشن لیتے ہوئے 3افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر مشتاق سپرا، ایکسین لوکل گورنمنٹ خالد حسینی اورسب رجسٹرار صدر فیصل آباد منور بھٹی کو معطل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ عوام کی خدمت سے سرشار افسروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ فرائض میں کوتاہی پر کارروائی ہو گی۔ عثمان بزدار نے ستوکتلہ میں مبینہ زیادتی کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فائرنگ سے4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کے علاج معالجے کیلئے ہدایات جاری کردی ہے۔ عثمان بزدار سے فیصل آباد چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر کی قیادت میں صنعتکاروں، تاجروں اور ایکسپوٹرز کے وفدنے ملاقات کی۔ صنعتکاروں، تاجروں اور ایکسپوٹرز کا کرونا کے دوران بہترین معاشی پالیسیوں پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن