• news

جدیڈ ٹیکنا لوجی سے لیس تر بیت یا فتہ فوج ہی ملک کا دفاع کر سکتی ہے: آرمی چیف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس تربیت یافتہ پاک فوج ہی ملک کا دفاع کر سکتی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز جنوبی کمانڈ ہیڈ کوارٹرز ملتان کا دورہ کیا۔ جنوبی کمانڈ ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے خیرمقدم کیا۔  آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو فارمیشن کے آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فیلڈ فارمیشن کی تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوٹ عبدالحکیم میں سٹرائیک کور کی انٹیگریٹڈ ٹریننگ کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جنگی مشقیں جوانوں کے اعتماد میں اضافے کا ذریعہ ہیں۔ چیلنجز کے باوجود ہماری توجہ پاک فوج کی روایتی صلاحیتوں کو بڑھانے پر ہے۔ پاک فوج ملک کو درپیش کسی بھی چلینج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس تربیت یافتہ فوج ہی ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کر سکتی ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انٹیلیجنس، سرویلنس اور ریکانیسنس، ایئر ڈیفنس، سائبر اور میکنائزیشن پر توجہ مرکوز ہے۔ تمام تر چیلنجز کے باوجود ہماری توجہ روایتی صلاحیتوں پر مرکوز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن