کشمیریوں نے دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا، جدوجہد آزادی کو سلام: وزیرا عظم
اسلام آباد+ لاہور+ گوجرانوالہ+ شیخوپورہ+ حافظ آباد+ ننکانہ+ سرینگر (رپورٹنگ ٹیم+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا اور پیغام دیا کہ وہ اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارتی فوجیوں نے 27 اکتوبر 1947ء کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر حملہ کرکے کشمیری عوام کی امنگوں کے برعکس اس پر غیر قانونی طورپرقبضہ کیا تھا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ مختلف ملکوں کے دارالحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ہڑتال اور مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور دیگر حریت تنظیموں نے دی ہے۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں کہا کہ 27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو متزلزل نہیں کر سکتا اور وہ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیری دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں، کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔ یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور لاکھوں کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کا دن یوم سیاہ کشمیر سے منسوب کرتے ہیں جس کا مقصد بھارت کی طرف سے ریاست جموں و کشمیر کے کچھ حصوں پر غیر قانونی قبضے کی مذمت کرنا ہے۔ یہ کشمیریوں کی ان لاتعداد قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا بھی دن ہے جو انہوں نے بھارت کے غیر انسانی تسلط کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے دیں۔ عمران خان کہا کہ بھارت کے ناجائز قبضے کا مقصد کشمیری عوام کی اپنے مستقبل کا آزادانہ طور پر تعین کرنے کی جائز امنگوں کو دبانا ہے، لیکن بھارتی قابض افواج کی7 دہائیوں کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کا عزم مضبوط ہے، ہم کشمیری باشندوں، عورتوں اور بچوں کے عزم وحوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جموں وکشمیر میں بھارت کے غیر قانونی تسلط اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف کشمیری عوام کی استقامت اور جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر جلد آزاد ہو گا، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ ریلی میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا، سیاسی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ہم ان غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کریں گے، پاکستان ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے جائز حق کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا۔ ہندوتوا بالادستی کے تحت رقم کی جانے والی بھارت کی تاریخ مزید سیاہ ہوگی۔ گورنر ہاؤس سے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں صوبائی وزرائ، مشیران، معاون خصوصی اطلاعات حسان خاور، صوبائی محکموں کے سیکرٹریز، وکلائ، سکھ برداری، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، تحریک انصاف کے عہدیداران، کارکنان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے واشگاف نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی اور ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے۔ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام 27اکتوبر1947ء کو کشمیر پر بھارتی فوج کشی کے غیرقانونی اقدام کے خلاف پریس کلب لاہور کے باہر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرہ سے صدر پی ٹی آئی لاہو ر و رکن آزادکشمیر اسمبلی غلام محی الدین دیوان، سابق مشیر آزاد حکومت سید نصیب اللہ گردیزی، انچارج کشمیر سنٹر لاہور سردار ساجد محمود، رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئر مشتاق محمود، چیئرمین جموں وکشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا، صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہور راجہ شہزاد احمد، امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر لاہور ڈویژن خوشحال شاہین، چیئرمین عام آدمی پارٹی راجہ محمد اختر، صدر جموں وکشمیر ویلفیئر آرگنائزیشن راجہ محمد رفیق، رہنما پی ٹی آئی جاوید ڈار، رہنما پی ٹی آئی وکالم نگار مرزا محمد صادق جرال، فاروق آزاد، سابق سیکرٹری جنرل جے یو پی آغا رب نواز درانی، عرفان عباسی، سیکرٹری یوتھ ونگ مسلم لیگ ن جواد لطیف چغتائی ایڈووکیٹ، کونسلر حاجی محمد اعجاز، رہنما محافظ کشمیر جرنلسٹ فورم راجہ ابرار، سردار شاکر، چوہدری افتخار چوہان، علی عمران شاہین، الطاف مغل اور دیگر نے خطاب کیا۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت نے 27 اکتوبر 1947 ء کو بھارت کا جموں و کشمیر‘ سری نگر میں فوجیں اتار کر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے 74 سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منایا۔ حافظ آباد ضلع ننکانہ صاحب فیصل آباد ریلی نکالی۔ چنیوٹ ضلع جھنگ‘ بہاولپور میں‘ کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ملک بھر کی طرح ضلع گوجرانوالہ میں بھی بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ بھارت کے خلاف منائے گئے یوم سیاہ کے موقع پر محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام ریلی ڈی سی آفس سے نکالی گئی جو کہ سیالکوٹ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ منیجر رانا عبدالحلیم خان نے کی جبکہ ڈسٹرکٹ خطیب حافظ شاہد فاروق بٹ سمیت محکمہ اوقاف کے دیگر افسران و اہلکاران نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ دوسری طرف ریلی کی قیادت ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر حلیم خان نے کی۔ ریلی کے شرکاء چودھری پرویز شاکر ایڈووکیٹ سید صدیق حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ حملے اور بربریت کی شدید مذمت کرتے ہے۔ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے زیر اہتمام ریلی ڈی سی دفتر سے نکالی گئی۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی زیر صدارت یوم سیاہ کشمیر سرکاری سطح پر منانے اور مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے اہم اجلاس بھی ہوا جس میں تمام سرکاری اداروں کے افسران و نمائندے شریک ہوئے۔ یوم سیاہ کے موقع پر پی ایچ اے کی جانب سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مساجد و مدارس میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ عالم چوک حافظ آباد پر ریلی نکالی گئی۔ شیخوپورہ اور اسکی پانچوں تحصیلوں میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں تحصیل کونسل ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے کی۔ ضلع قصور میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کے مقبوضہ جموں کشمیر پر ناجائز قبضے کی مذمت کیلئے بلیک ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ضلع بھر میں ریلیوں کا اہتمام کیاگیا جس میں ضلعی افسران‘ طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 74 سال گزرنے اور بھارتی ظلم و ستم سہنے کے باوجود بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی ماند نہیں پڑا۔ سارا پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہا اور ہر فورم پر کشمیر آزادی کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ محمد میاں سومرو نے کہا اقوام متحدہ ابھی تک کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی قراردادوں پر عمل کروانے میں ناکام ہے۔ وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کشمیر کے یوم سیاہ پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ ریاستی طاقت سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کسی قیمت پر دبایا نہیں جا سکتا۔سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ کشمیر دنیا کی سب سی بڑی جیل ا ور نازی کیمپ بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جب سے بھارت میں نریندر مودی کی حکومت اقتدار میں آئی، جبر، استبداد اور استحصال کا یہ سلسلہ ایک نئے بام عروج کو پہنچا ہے۔ 27اکتوبر کے دن پاکستان کی قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔