آئندہ 5ماہ تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی: چیئرمین اوگرا
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کو چیئرمین اوگرا مسرور خان نے آگاہ کیا ہے کہ آئندہ 5ماہ تک ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی، مارچ کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں گی۔ قائمہ کمیٹی نے چیئرمین اوگرا کی بریفنگ مسترد کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں کمپنیوں کا مارجن اور پٹرول ڈیزل پر فی لٹر اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں۔ کمیٹی ارکان نے پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کم قیمت پر منگوا کر مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔ ملک میں 22 دن کی پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے تو مہینے میں 2 مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیوں بڑھیں؟ پوری قوم رل گئی، اوگرا مافیاز کا سہولت کار بنا بیٹھا ہے۔