سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کرکے ثابت کر دیا ہم ایک ہیں: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سعودی عرب کی قیادت، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے اس مشکل حالات میں جب کہ پوری دنیا کرونا کی وبا کی وجہ سے معاشی و اقتصادی مسائل کا شکار ہے پاکستان کی جس انداز سے اقتصادی اور معاشی میدان میں حمایت، تائید اور مدد کی ہے بلا شبہ اس پر پاکستان کی قوم، حکومت، ریاست، عوام سب اس پر شکر گزار ہیں۔ ہمارے اور سعودی عرب کے درمیان محبت اخوت، ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے اور وقت نے یہ ثابت کیا ہے جب بھی کوئی مشکل مرحلہ آیا سعودی عرب نے پاکستان کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑا ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ریاض سعودی عرب میں اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے فوراً بعد سعودی عرب کی طرف جو ہماری معاشی اور اقتصادی میدان میں امداد اور تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے ا س پر ہم سعودی عرب کی قیادت خصوصاً شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر پورے عالم کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب ایک ہیں، ہمارا استحکام ، ہمارا دفاع ، ہماری سلامتی، ہمارا دین، ہمارا عقیدہ ایک ہے۔