تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر عوام سے فراڈ کیا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ باطلانہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا اور ملک کو اسلام کا گہوارہ بنانا جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد ہے۔ ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے، مگر حوصلہ اور ہمت جوان ہے۔ وہ لوگ جو ظالموں کا ساتھ دیتے ہیں، یہ توقع مت رکھیں کہ قیامت کے روز اللہ کے برگزیدہ بندوں کی صف میں کھڑے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تبدیلی کے نام پر عوام سے سب سے بڑا فراڈ کیا۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے غریب اور مڈل کلاس طبقہ کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ حکومتی وزراء مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے پاس ملک میں بہتری لانے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ قرض پہ قرض لیا جا رہا ہے اور ملک کو مکمل طور پر آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیل دیا گیا ہے۔ ماضی کے حکمران بھی ملک کے مختلف شعبوں کی تباہی کے برابر کے ذمہ دار ہیں۔ دوسری جانب جماعت اسلامی پاکستان حکومت کی 38ماہ کی کارکردگی پر آج وائٹ پیپر جاری کر رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم و دیگر قائدین کے ہمراہ منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران وائٹ پیپر جاری کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کی گزشتہ سوا تین سال کی کارکردگی کو میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے رکھا جائے گا۔ سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاٹھی اور گولی کی بجائے مذاکرات کا راستہ ا پنائے۔ قوم پی ٹی آئی کو کہہ رہی ہے کہ ٹی ایل پی سے جو معاہدے کیے گئے تھے ان کو پورا کرے اور اگر حکمران ایسا نہیں کر سکتے تو اپنے کیے پر قوم سے معافی مانگیں۔