ڈالر مزید سستا اوپن مارکیٹ میں173کا ہو گیا،سونے کی قیمت بھی کم
لاہور، کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب کی جانب سے 4.2 ارب ڈالرز کا سپورٹ پیکج ملنے کے بعد پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تگڑا ہونے لگا ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ مسلسل دوسرے روز کم ہوا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر 52 پیسے سستا ہوکر 172 روپے 26 پیسے کا ہوگیا ہے۔ دو روز میں ڈالر کی قدر 2 روپے 99 پیسے کم ہوئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپیہ 20 پیسے کم ہوکر 173 روپے ہے۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید ساڑھے تین ہزار سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 3550 روپے کم ہوئی ہے اور ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 20 ہزار 650 روپے ہوگئی ہے۔ دس گرام سونے کی قدر 3043 روپے کم ہوکر 103438 روپے ہے۔ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 13 ڈالر کم ہوکر 1802 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔