خسارے میں چلنے والے سرکاری یونٹس کی بہتر کارکردگی،نجکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں،وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے وزیر نجکاری محمد میاں سومرو اور مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا سیل کے مطابق ملاقات میں خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کو خسارے میں چلنے والے سرکاری یونٹس کی نجکاری کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل سے زیادہ سے زیادہ محصولات حاصل کرنے کے لئے نہ صرف یونٹس کی فروخت بلکہ ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بھی تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین سینٹ نے وزیراعظم کو دورہ کوئٹہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت رحمت للعالمینؐ اتھارٹی پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کو رحمت للعالمینؐ اتھارٹی پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ممبران کی تقرری میں میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے۔ خاندانی نظام اور اس کے معاشرے پر اثرات پر تحقیق ہونی چاہئے۔ ملک کی بقاء اخلاقی اقدار کی مضبوطی میں ہے۔ اتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پر بہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ ڈراموں‘ کارٹون‘ فلموں میں کلچر اور تاریخ بارے نوجوانوں کو آگاہی دی جائے گی۔ سیرت طیبہؐ پر ملک میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے۔