پاکستان افغانستان کیخلاف بھی کامیابی حاصل کریگی :رائے تیمور
لاہور(سپورٹس رپورٹر)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ خواتین ہرشعبہ زندگی کی طرح سپورٹس میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے، سپورٹس میں خواتین کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے حال ہی میں 5 اے سائیڈ نیشنل وومن ہاکی چیمیئن شپ کرائی ہے ۔ جتنی بھی گیمز کراتے ہیں ان میں خواتین کے ایونٹس بھی شامل ہوتے ہیں تاکہ خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو، مستقبل میں بھی خواتین کے سپورٹس ایونٹس کرائیں گے، کنیئرڈ کالج کا ٹی 20انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد مستحسن اقدام ہے جس سے خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجاگر ہوں گی،قومی کرکٹ ٹیم افغانستان کیخلاف بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنیئرڈ کالج میں کنیئرڈ ٹی 20 انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس گورنمنٹ کالج حمیرا مغل، کنیئرڈ کالج کی عمارہ خان، سخی سرور بٹ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، سابق ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب مودود جعفری اور سپورٹس سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔