• news

حکمران انا ختم کر کے مذاکرات سے مسئلہ حل کریں:پرویز الہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمران اپنی انا ختم کر کے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کریں اور خون خرابے کے ذمہ دار نہ بنیں۔ حکمرانوں کے پاس اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کہ امن بحال ہو کیونکہ سارا مسئلہ ان کے ذمے لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان شہید ہو رہے ہیں، راستوں کی بندش سے لوگ ایمبولینسوں میں مر رہے ہیں۔ جب دونوں اطراف سے مسلمان مر رہے ہوں تو نقصان کس کا ہو رہا ہے۔ ساری صورتحال میں نقصان صرف اپنے ملک کا ہو رہا ہے، بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ دریں اثناء چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان کا بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال نے بڑا دل اور برد باری سے فیصلہ تسلیم کر کے ساتھ دیا انہیں بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے چودھری صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی میرے محترم اور خیر خواہ ہیں، سیاست کے اتار چڑھائو کے متعلق بہت کچھ میں نے ان سے سیکھا ہے، مجھے جب بھی سیاسی مشکل پیش آئی میں نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی سے رہنمائی حاصل کی، چودھری خاندان سے ہمارے دیرینہ مراسم ہیں۔ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے قانون دان احسن بھون کو سپریم کورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے احسن بھون سے بھی ٹیلیفون پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ آئین کی پاسداری کیلئے پہلے کی طرح مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن