سوشل میڈیا پر نفرت پراپگینڈا،کالعدم جماعت کے32ارکان کو گرفتار،فواد چوہدری
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ رات ایک اہم کارروائی میں کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے 32 ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے جو جعلی سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے نفرت انگیز پروپیگنڈا کر رہے تھے۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے خلاف بڑا ایکشن شروع کر دیا گیا ہے، جلد ہی مزید گرفتاریاں ہوں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر احسن بھون اور تمام نو منتخب باڈی کو مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کے موجودہ صدر نے سپریم کورٹ بار کو چند سیاسی جماعتوں کا آلہ کار بنا کر رکھ دیا تھا۔ مجھے امید ہے آپ بار کی علیحدہ اور آزادانہ شناخت بحال کریں گے۔علاوہ ازیں فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ گزشتہ روز ترکی کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے میں کہا صدر رجب طیب اردگان اور وزیراعظم عمران خان کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں۔