• news

جب سے شادی ہوئی مریم کو وزیراعظم دیکھ رہا ہوں: کیپٹن (ر) صفدر 


اسلام آباد (نیٹ نیوز) کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ جب سے مریم سے شادی ہوئی اس کو وزیر اعظم ہی دیکھ رہا ہوں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کے شوہر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جب سے مریم سے شادی ہوئی اس کو وزیر اعظم ہی دیکھ رہا ہوں، اور یہ وزیراعظم بننے والی بات سیاسی نہیں روحانی ہے۔ دسمبر تک پتہ نہیں ملک میںکیا کچھ ہوجائے، شاید الیکشن کا اعلان ہو جائے۔ ہو سکتا ہے ہمیں اپنے بیٹے کی شادی دسمبر سے آگے کرنی پڑ جائے۔ مریم نواز کے شوہر کا کہنا تھا کہ لندن میں نواز شریف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔ وہ 22 کروڑ عوام کے لیڈر ہیں ان سے ہر کوئی ملنا چاہتا ہے۔ لیکن ہم کسی غیر جمہوری قوت کے ساتھ ہاتھ ملانے سے پہلے اپنا ہاتھ کاٹ دیں گے۔ ڈیل کرنی ہوتی تو 2018 میں جیلوں میں نہ جاتے، ہماری ڈیل سڑکوں پر ہوگی۔ ہماری روحانیت رسیوں کو سانپ بنانے والوں کی جادوگری کھا جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمین سے متعلق میرا کیس عدالت میں ہے اس لئے اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا۔ کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا میں نے اپنے ضلع میں قبضہ گروپ کو ایکسپوز کر دیا ہے، اب ان کے خلاف کارروائی بھی ہوگی۔ وکلاء کے ساتھ اسکی کی تحقیقات کیلئے رجوع کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن