حقیقی وزیراعظم کو کمزور کرنے سے انتشار کے راستے کھلتے ہیں،شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ترکی کے یوم جمہوریہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ترکی کی حکومت اور عوام کو ان کے یوم جمہوریہ پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہیں۔ ترکی تیزی سے علاقائی قوت بن کر ابھر رہا ہے۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان تاریخ، مذہب اور محبت کے رشتے استوار ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب ملک میں اجتماعی نظرثانی کا بہترین وقت ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب آپ ایک جائز اور حقیقی طورپر منتخب وزیراعظم کو کمزور کرتے ہیں‘ جو قوم کی مرضی کی نمائندگی کرتے ہیں‘ جب آپ معموتی سیاسی فائدے کیلئے پارلیمنٹ پر حملہ کرتے ہیں تو آپ افراتفری اور انتشار کے راستے کھول دیتے ہیں۔ ملک سب سے زیادہ متاثر ہے۔ اجتماعی نظرثانی کا وقت اب ہے۔سپریم کورٹ بار کے وفد سے ملاقات کی۔مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب رہنماؤں نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے نو منتخب صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون‘ وسیم ممتاز اور دیگر کا استقبال کیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عاصمہ جہانگیر گروپ اور ساتھیوں کو سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔