کالعدم جماعت سے مذاکرات ہی مسئلے کا بہترین حل: شہباز شریف
لاہور(اپنے نامہ نگار سے)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کالعدم جماعت کے ساتھ مذاکرات ہی مسئلے کا بہترین حل ہے۔ عدالت پیشی کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جو کیس نیب نے بنایا وہی ایف آئی اے نے بنا دیا ہے، میرے خلاف جھوٹ پر مبنی کیسز بنائے گیے ہیں، حکمران آج تک سیاسی انتقامی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کر سکے، ان شاء اللہ، اللہ انصاف کرے گا۔ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات ہی بہترین حل ہے، اتنی جانیں ضائع ہوئی ہیں اللہ تعالی پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں قائم رکھے۔ قبل ازیں بینکنگ جرائم عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 20 نومبر تک توسیع کردی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو نومبر کے وسط تک ہر صورت عبوری چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ایف آئی اے نے عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض کیا تو عدالت نے قرار دیا کہ پہلے تفتیشی رپورٹ جمع کرائی جائے جس کے بعد عدالتی دائر اختیار کا معاملہ بھی حل ہو جائے گا۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش مکمل کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے روسٹرم پراپنی صفائی میں کہا کہ منی لانڈرنگ کا سیم ٹو سیم کیس نیب نے ہمارے خلاف بنایا ہے ایک سال ہوگیا ہے ایف آئی اے نے دو بار میری انوسٹی گیشن جیل میں کی میرے بیٹے سے بھی جیل میں ایف آئی اے نے انوسٹی گیشن کی ایف آئی اے ایک ماہ میں اب کیا رپورٹ بنا کر عدالت پیش کرے گی جس پر فاضل جج نے کہا کہ ایف آئی اے نے وقت مانگا ہے انکو اگلی سماعت پر دیکھ لیں گے۔