• news

آصف علی کے چھکوں کی دھوم ، پاکستان مضبوط ٹیم : ملکی ، غیر ملکی کرکٹرز

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹر آصف علی کے چھکوں نے دھوم مچا دی ہے ۔ ملکی اور غیر ملکی سابق کرکٹرز نے تعریفوں کے پل باندھ دیئے ہیں ۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہاہے کہ بہت اچھی بات ہے آصف نے دونوں میچز میں فنش کیا، ہمیں پانچویں چھٹے نمبر کا پلیئر مل گیا ہے۔ اسی طرح پرفارمنس رہی تو ٹیم کیلئے اچھا ہو جائیگا، آصف نے تین سے چار بار کم بیک کیا۔ تنقید کرنے والوں کو چاہیے کہ ذاتیات پر نہ جائیں ، کھلاڑی جب اچھا کھیلتے ہیں تو ہم ان کی تعریف بھی کرتے ہیں جبکہ پلیئرز کی ناکامی پر ان کی خامیاں بتاتے ہیں۔قومی ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اخترنے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے اتوار تک بھارت کی ٹیم ورلڈکپ سے باہر ہوجائے گی۔ اب پاکستان کو بڑا ٹوٹل بنا کر دکھانا ہوگا ، افغانستان کی کرکٹ تیزی سے آگے جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پیغام میں بھی انہوں نے قومی ٹیم کی دل کھول کر تعریف کی اور اور کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے تو دل خوش کردیا۔ میںنے تو ہمیشہ کہا کہ ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ کے اس ایڈیشن میں پاکستان کو کبھی کم نہ سمجھیں، وہ ایک مضبوط قوت ہے۔آصف علی نے شاندار کھیل پیش کیا، دل خوش کردیا، ٹیم یہی پرفارمنس جاری رکھے۔ سابق کپتان شاہدآفریدی کا کہنا ہے کہ اگر ورلڈکپ ٹی ٹونٹی کا فائنل بھارت سے ہو بھی جائے تو گھبرانے کی قطعی ضروت نہیں ہے۔انہوں نے افغانستان کے خلاف آصف علی کی عمدہ بیٹنگ پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آصف میچ ونر ہے، وہ ان سے بھی زیادہ اچھا کھیلے ہیں۔ جس کمبی نیشن اور جذبے کیساتھ قومی ٹیم کھیل رہی ہے مزہ آرہا ہے۔ سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کو خبردار کردیا۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مسلسل فتوحات کے بعد پاکستان ٹیم حریفوں کے اعصاب پر سوار ہوگئی۔سابق انگلش کپتان نے کہا کہ اب عالمی کپ میں بڑے مقابلے کا وقت ہے، انگلینڈ اور آسٹریلیا کا میچ جو جیتے گا وہ سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا کرنے سے بچ جائیگا۔ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی لگاتار تیسری جیت اور شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان ورلڈ کپ کے ٹائٹل کیلئے فیورٹ ہوچکی ہے۔ اب عالمی کپ میں بڑے مقابلے کا وقت ہے۔آصف علی شاندار کھیل رہا ہے ‘دوسری ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ۔ بہت عمدہ آصف علی ۔ پاکستان مضبوط ٹیم ہے ۔انہوںنے کہا کہ جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر بھی آصف علی ہیں ۔  سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ بھی قومی کرکٹر آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔انہوں نے آصف علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’آصف علی نے آخری گیند پر سنگل سے انکار کر کے بہت اعتماد کا مظاہرہ کیا۔ اگلے اوور میں انہوں نے چار بڑے چھکے مار کر ایک سٹائل سے میچ کو مکمل کیا۔انہوں نے آصف علی کو کلین اور طاقتور ہِٹر بھی قرار دیا۔سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ قومی ٹیم بہت اچھا کھیل رہی ہے، افغانستان کے خلاف قومی ٹیم کی شاندار فتح کی خوشی میں رات بھر سو نہ سکا۔آصف نے شاندار کھیل پیش کیا۔ سابق کپتان وقار یونس نے بھی ٹیم کی بہترین کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی کو مسلسل موقع دینا اچھی بات تھی۔سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آصف علی اپناجارحانہ کھیل کھیل کر انجوائے کرتا ہے، وہ بہت خطرناک بیٹسمین ہیں۔فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے کہا کہ آصف علی کو بائولنگ کرنا کسی بائولر کیلئے مشکل ہوتا ہے۔سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021 کے رواں سیزن میں صرف پاکستان ٹیم ہی شکست دے سکتی ہے۔ انگلینڈ نے ثابت کیا ہے کہ وہ اس ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم ہے۔اس ٹورنامنٹ میں صرف پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کو روک سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن