معاملہ طے ہونا خوش آئندہ،پاکستان کی خاطر ہر ایک نے تدبرکا مظاہرہ کیا،عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو نازک موقع پر منفی سیاست زیب نہیں دیتی۔ یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ سب سے پہلے ہم سب کے لئے پاکستان کا مفاد مقدم ہے اور یہ مقدم رہے گا۔ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاسی دکانداری چمکا رہی ہیں۔ جلسے جلوسوں سے ملک کو آگے لے کر نہیں جایا سکتا۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کو ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہئے۔ اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قومی مفادات سے متصادم ہے۔ معاملہ خوش اسلوبی اور افہام و تفہیم سے حل ہونا خوش آئند ہے۔ پاکستان کی خاطر ہر ایک نے تدبر اور حکمت کا مظاہرہ کیا۔ دین اسلام میں بھی ڈائیلاگ کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ فہم و فراست سے معاملے کاحل ہونا پاکستان کی فتح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اب حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔ تشدد یا احتجاج سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو گھر کی دہلیز پر کرونا ویکسی نیشن کی مہم جاری ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ روزانہ 10لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کی خصوصی مہم کامیابی سے جاری ہے۔پنجاب میں 18 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ دوسری جانب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مری میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مری محمد عمر مقبول نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کی۔ نیشنل ہائی وے، ایکسپریس ہائی وے سر کھیتر ٹول پلازہ سے موضع مسیاری تک 25 کلومیٹر طویل راستے (رائٹ آف وے) سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔