’’میں سربکف ہوں‘ لڑا دے کسی بلا سے مجھے‘‘ فواد چودھری نے موجودہ صورتحال پر اشعار ٹویٹ کر دیئے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے موجودہ صورت حال پر شاعری کے ذریعے اپنا نکتہ نظر پیش کیا ہے۔ فواد چوہدری نے اردو کے معروف شاعر عدیم ہاشمی کے چند اشعار ٹویٹ کئے ہیں جس میں انہوں نے ظلم کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سینہ سپر کرنے کی بات کی ہے۔ اپنی ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے نجی ٹی وی ٹاک شو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جو بھی تحریکیں چلیں ان کی ایک نظریاتی اساس رہی ہے، اسی نظریے کے تحت تحریک چلائی جاتی ہے لیکن جب آپ ایک متشدد سیاسی نظریہ لے کر جس کا مقصد یہ ہے کہ ریاست کو اپنے سامنے جھکایا جائے اور پھر دو تحریکوں کو آپس میں ملا دیں تو یہ پاکستان کے لئے اچھی خدمت نہیں ہوگی۔