قبل ازوقت انتخابات ناممکن، اپوزیشن دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے: پرویز خٹک
اسلام آباد (این این آئی، نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چوں چوں کا مربہ اپوزیشن مہنگائی کے خلاف کیا تحریک چلائے گی۔ ایک انٹرویو میں وزیر دفاع نے کہا کہ تحریکیں ملک کی بہتری کیلئے ہوتی ہیں۔ مہنگائی ساری دنیا کا مسئلہ بن چکی ہے۔ بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ بلوچستان میں ساری پارٹیاں ایک پیج پر ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں قبل ازوقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں۔ فضل الرحمن سمیت پوری اپوزیشن دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ پی ڈی ایم بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیتی ہے یا نہیں یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔ حکومت اور تحریک لبیک میں جو معاہدہ ہوا اس سے کوئی پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ حکومتی معاہدہ امن کے قیام اور خون خرابے کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے کیاگیا ہے۔