بین الاقوامی پیسز مقابلے آج سے شروع‘افتتاحی تقریب فورٹریس سٹیڈیم میں ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاک فوج کے زیر اہتمام تیسرے بین الاقوامی پیسز مقابلوں کا انعقاد آج یکم نومبر سے لاہور میں ہوگا۔ مقابلوں میں 6 ممالک کے 107 اہلکاروں پر مشتمل دستے شرکت کریں گے۔تیسرے بین الاقوامی پیسز مقابلوں میں عراق، اردن، فلسطین سمیت چھ ممالک کے 107 اہلکاروں پر مشتمل فوجی دستے شرکت کریں گے۔ میانمار، انڈونیشیا اور مصر کی مقابلوں میں شرکت بطور مبصر ہوگی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے 121 کھلاڑیوں پر مشتمل 9 ٹیمیں بھی مقابلوں میں شرکت کریں گی۔ بین الاقوامی مقابلوں کی افتتاحی تقریب آج فورٹریس سٹیڈیم جبکہ اختتامی تقریب 7 نومبر کو ایوب سٹیڈیم میں ہو گی۔ ایونٹ سے پاکستان ایک پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم کے طور پر ابھرے گا، ایونٹ سے پاکستان کا حقیقی چہرہ سامنے آئے گا۔