نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو دھول چٹا دی،سمی فائینل میں پہنچنا مشکل
لاہور (سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8وکٹوں سے شکست دیدی ۔ افغانستان نے نمیبیا کو 62رنز سے ہرادیا۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایشان کشن اوپنر آئے اور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کے ایل راہول صرف 18 رنز بنا سکے۔ روہیت شرما 14 رنز بنا کر ایش سوڈھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان ویرات9 رنز پر کیچ تھما بیٹھے۔ ریشبھ پنت12 رنز بنا کر ایڈم ملنی کی گیند پر بولڈ ہوئے‘آدھی بھارتی ٹیم صرف 70 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔ہاردیک پانڈیا اور رویندرا جدیجہ نے بالترتیب 23 اور 26 رنز کیساتھ کچھ مزاحمت کی جس کے باعث بھارتی ٹیم بمشکل 100 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ بھارتی ٹیم نے 7 وکٹوں پر 110 رنز بنائے۔ ٹرینٹ بولٹ نے 20 رنز کے عوض 3 جبکہ ایش سوڈھی نے دو‘ایڈم ملنی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کیویز نے ہدف14.3اوورز میں 2وکٹوںپرپورا کرلیا۔مارٹن گپٹل 20اور ڈیرل میچل 49رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ کپتان کین ولیم سن 33اور ڈیون کانوے 2رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ جسپریت بمراہ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ایش سوڈھی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ تھااور دونوں ہی اپنے پہلے میچز میں پاکستان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوچکی ہیں،بھارت کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔سپر 12 سٹیج کے گروپ 2 کے میچ میں افغانستان نے نمیبیا کو 62 رنز سے شکست دیدی۔ 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 9 وکٹوں پر 98 رنز بناسکی‘نوین الحق اور حامد حسن نے تین تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پہلے اوپننگ بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نے27گیندوں پر 33 رنز اور محمد شہزاد نے 33 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے اصغر افغان نے 23 گیندوں پر 31 رنز بنائے جبکہ کپتان محمد نبی نے 17 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔فغانستان کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بناسکی۔ روبن ٹرمپلمین اور نکل لوفٹی ایٹن نے دو دو جبکہ جے جے سمت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔نوین الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میگا ایونٹ میں آج ایک میچ کھیلا جائیگا ۔ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شام سات بجے شارجہ میںمد مقابل ہونگی ۔ کل دو میچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان دن تین بجے شرو ع ہوگا۔دوسرے میچ میں پاکستان اور نمیبیا کی ٹیمیں شام سات بجے مد مقابل ہونگی ۔