خیبر پی کے میں بلدیاتی سرگرمیاں شروع‘ پی ٹی آئی متحرک‘ امیدواروں کیلئے مشاورت
پشاور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد حکومتی جماعت تحریک انصاف متحرک ہوگئی ہے اور 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے چناؤ کے لیے مشاورت شروع کردی گئی ہے جبکہ خواہشمند امیدواروں نے بھی پارٹی ٹکٹ کے لیے تگ و دو شروع کردی ہے۔ 19 دسمبر کو خیبر پی کے کے 17 اضلاع میں پہلے مرحلے کے انتخابات ہورہے ہیں۔ حکومتی جماعت تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے لیے متحرک ہوگئی ہے، قومی صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی سطح پر انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں، ارکان اسمبلی بھی بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے متحرک ہوگئے ہیں، حلقوں کی سطح پر اجلاس کیے جارہے ہیں۔ نیبرہڈ، ویلج کونسل اور تحصیل کونسل کے امیدواروں کے چنائو کے لیے مشاورت کی جارہی ہے۔