• news

الیکشن کمشن کا جمشید چیمہ کیخلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ: ذرائع

لاہور (فاخر ملک) الیکشن کمشن کو یہ استحقاق حاصل ہے کہ تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے حلقہ 133 سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کو دروغ گوئی کے الزام کے تحت نوٹس جاری کرے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن  کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے ہیں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ان کے تجویز کنندگان  کے ووٹ یک دم بددیانتی اور غلط ارادے کے تحت کسی دوسرے حلقے میں از خود منتقل کر دئیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اس الزام کے جواب میں انہیں حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر یا الیکشن کمیشن براہ راست نو ٹس جاری کر سکتا ہے۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ جس طرح وفاقی وزراء کوالیکشن کمیشن کی طرف سے لگائے گئے الزامات پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ممکنہ طورپر کسی امیدوار کی طرف سے لگائے گئے ایسے الزامات پر کاروائی ہو سکتی ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشن نے مذکورہ امیدوار کے خلاف کسی کارروائی کا فیصلہ نہیں کیا کیونکہ انہوں نے جو الزاما ت لگائے تھے ان کی وضاحت کر دی گئی ہے۔ اس لئے اس امر کا کم امکان ہے کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن