• news

تر قی ، خوشحالی کا آغاز ہو گیا: اسد قیصر، مسا ئل کی وجہ سا بق حکمران: محمود خان

صوابی (آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، اب پاکستان بدلتا ہوا دکھائی  دے گا، عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت پر گامزن ہو چکا ہے، موجودہ حکومت  کو بے شمار بحرانوں میں گھرا ملک ورثے میں ملا جس کا حکومت نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو  مرغز ضلع صوابی میں عوامی  جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی حکومت کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، افغانستان میں نئی حکومت کے ساتھ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ،جلسے میں وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید،  صوبائی وزرا عثمان خان ترکئی، تیمور سلیم جھگڑا اور صوبائی رکن اسمبلی عاقب اللہ خان بھی شریک تھے۔  سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اب خطے کی عوام ترقی اور خوشحالی کے راہ پر گامزن ہو چکے ہیں ،  پشاور، میانوالی، چک درہ، چترال موٹر وے کی تکمیل سے صوبے کی تقدیر بدلے گی، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، 70 سالوں میں صوابی کو اتنے فنڈز نہیں ملے جتنے اس حکومت نے دیے ہیں، کسی بھی ٹھیکیدار سے آج تک ایک گلاس پانی بھی پیاہو تو سیاست چھوڑ دوں گا، وزیر اعلی خیبر پی کے  محمود خان نے   جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بے روزگاروں کا ٹولا ہے جس کی وجہ سے آج ملک مہنگائی میں ڈوبا ہوا ہے،  مہنگائی کے خاتمے کے لیے پوری قوت سے لڑیں گے اور مہنگائی پر قابو پانے میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جسے بحرانوں کا مقابلہ کرنا آتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن