جی 20 سربراہی اجلاس ، ویکسین کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ ہر ملک کے مفاد میں : ڈبلیو ایچ او
روم(این این آئی) جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعددممالک کے رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان نے بین الاقوامی برادری سے نوول کرونا ویکسین کی منصفانہ تقسیم کے لیے عالمی تعاون کو مضبوط کرنے کی اپیل کی۔جی ٹوئنٹی کے موجودہ صدر، اطالوی وزیر اعظم ماریو ڈراگی نے سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام ممالک سے تعاون کو مضبوط بنانے،ترقی پذیر ممالک کو زیادہ ویکسین فراہم کرنے اور عالمی ویکسین کی منصفانہ تقسیم کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ویکسینیشن کی کوریج میں ترقی یافتہ اور غریب ممالک کے درمیان بڑا فرق ہے جو کہ ’’اخلاقی طور پر ناقابل قبول‘‘ہے اور اس سے عالمی اقتصادی بحالی کے عمل کو بھی نقصان پہنچے گا۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریسس نے کہا کہ ویکسین کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہر ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔انہوں نے جی ٹوئنٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے جلد ویکسین عطیات کے حوالے سے کیے گئے اپنے وعدے کو پورا کریں اور افریقہ میں ویکسین کی تیاری میں مدد دیں۔ڈبلیو ایچ او نے اس سے قبل 2021 کے آخر تک تمام ممالک میں تقریباً 40 فیصد آبادی کو ویکسینیٹ کرنے اور 2022 کے وسط تک کل آبادی میں ویکسینیشن کے تناسب کو 70 فیصد تک بڑھانے کی حکمت عملی کا ہدف مرتب کیا تھا۔ ڈبلیو ایچ او نے بار ہا اس بات پر زور دیا ہے کہ ویکسینیشن کی کم شرح والیممالک میں وائرس کی نئی اقسام پیدا ہونیکا امکان ہے، جس کے نتیجے میں تمام ممالک کو خطرہ لاحق ہوگا۔