• news

بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی تھمنے  کا نام نہیں لے رہا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جھوٹ اور لوٹ مار حکمران اشرافیہ کی سیاست کا وطیرہ ہے۔ قوم کے ساتھ 73 برسوں سے دھوکہ ہو رہا ہے۔ چند خاندانوں نے بائیس کروڑ عوام کویرغمال بنایا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے سوا تین سال یوٹرنز، مہنگائی، بے روزگاری اور مافیاز کے نام رہے۔ حکومت نے اپنے سپورٹرز کو بھی مایوس کردیا۔ قومی اداروں کو اونے پونے بیچنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ ملکی معیشت اور نظریہ پر تابڑ توڑ حملے ہورہے ہیں۔ بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک کے ہرادارے کو تباہ کیا۔ جمہوریت کے نام پر جمہور یت سے مذاق کیا گیا۔ پارلیمنٹ بے توقیر ہو چکی۔ عدالتوں میں لوگ انصاف کے لیے دھکے کھا رہے ہیں۔ پولیس ریفارمز، ترقیاتی منصوبوں، سی پیک پر پی ٹی آئی کے دور میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ملاقات کے لیے آنے والی مختلف شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ مسلم دنیا کو کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے جو سالہا سال سے بھارتی اور اسرائیلی ظلم برداشت کر رہے ہیں۔ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے بھی مسلمان ممالک آگے بڑھیں ۔ مگر سب سے زیادہ ذمہ داری ان عالمی طاقتوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے افغانستان کو تباہ کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی ن لیگ اور پی پی کی طرح عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی ہے۔ قوم کو اب سٹیٹس کو سے نجات کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔ عوام کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن