نیشنل بنک کا آئی ٹی سسٹم 48 گھنٹے بعد بحال‘ دوسرے بنکوں پر سائبر حملوں کی اطلاعات غلط ہیں: سٹیٹ بنک
اسلام آباد ،کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بنک نے 9 بنکوں پر سائبر حملوں کی اطلاعات کو غلط قرار دیدیا۔ ترجمان کے مطابق سٹیٹ بنک سے منسوب پیغام جعلی ہے۔ نیشنل بنک کے علاوہ کسی پر سائبر حملے کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب نیشنل بنک آف پاکستان نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ سائبر حملے کے بعد سسٹم کی بحالی کا آپریشن 48 گھنٹوں بعد کامیاب ہو گیا ہے۔ بنک کی ایک ہزار برانچوں نے معمول کے مطابق خدمات انجام دیں۔ ایک ہزار برانچوں نے 286 ارب مالیت کی آٹھ لاکھ ٹرانزیکشن پروسیس کی ہیں۔ بنک کے دو لاکھ صارفین نے اے ٹی ایم سے 5 ارب روپے نکلوائے ہیں۔ رواں ہفتے بقیہ برانچوں کی بحالی کا کام مکمل کر لیں گے۔ ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ نیشنل بنک پر سائبر حملے کے دوران صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ حملہ کس ملک سے ہوا‘ تحقیقات کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائمز عمران ریاض نے گزشتہ روز اپنی ٹیم کے ہمراہ نیشنل بنک ہیڈ آفس کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا چوری ہونے سے متعلق اطلاعات غلط ہیں۔ لوگ آج بھی اے ٹی ایم استعمال کر رہے ہیں۔