مریدکے: 53 مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب‘ صوبائی وزیر بلدیات کی شرکت
مریدکے(نامہ نگار) حاجی یونس ورک ٹرسٹ کے زیر اہتمام 53 مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب فٹبال اکیڈمی مریدکے میں ہوئی۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید،ایم این اے برگیڈیئر (ر) راحت امان اللہ بھٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کھانے پینے، بیٹھنے، بینڈ باجے تک کا اہتمام انتظامیہ نے کیا۔ کم و بیش دو لاکھ روپے کا سامان جہیزاس کے علاوہ تھا۔ تمام تر انتظامی امور کی نگرانی امیدوار میئر مریدکے چودھری ارشد ورک، حاجی اسلم ورک، عبدالرحمان ورک، حاجی عباس ورک،چودھری انعام اللہ ورک اورحاجی سلیم بھٹی نے کی۔ تقریب میں شرکت کیلئے علاقہ بھر سے معززین کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر خصوصی گفتگو کرتے صوبائی وزیر میاںمحمودالرشید نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب غریب لوگ مہنگائی کے سبب پریشان ہیں، کسی کی خودداری کو ٹھیس پہنچائے بغیرنئی زندگی شروع کرنے میں مدد کرنا قابل تحسین عمل ہے۔ ایم این اے برگیڈیئر راحت امان اللہ بھٹی اور چودھری محمد ارشد ورک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں نیز علی ہجویری ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مقابلہ حسن نعت جیتنے والے طلبہ و طالبات میں چودھری ارشد کی جانب سے کیش پرائز دیا گیا۔