کاربن ا خراج صفر، 2030ء تک جنگلات کٹائی روکنے کے لئے 20ارب ڈالر جمع کرنے کا عزم
گلاسگو (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) ماحولیاتی تبدیلی اور تباہ کن گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لیے سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس سی او پی26 میں شریک عالمی رہنمائوں نے 2030ء تک جنگلات کی کٹائی کو روکنے اور کاربن گیسوں کے اخراج کو صفر تک لانے کے اہداف کے حصول کے لیے نئی مہم کے آغاز پر زور دیتے ہوئے سرکاری اور نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر جمع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت کو 1.5ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کے لیے جنگلات کی کٹائی کو روکنے کا معاہدہ بہت اہم ہے کیونکہ یہ ایکو سسٹمز اور فطرت ہماری زمین اور دنیا کیلئے پھیپھڑوں کا کام کرتے ہیں ۔ لہذا جنگلات، معاش اور خوراک ہماری بقا کے لئے ضروری ہیں۔ برازیل کے وزیر ماحولیات جواکوئم لیٹی نے 2050 ء تک صفر کاربن گیسوں کے اخراج کے ہدف کے حصول بارے میں اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔ 100 زائد ممالک نے 2030 ء تک جنگلات کی تباہی کو روکنے کا عہد کیا ہے۔ موسمیاتی کانفرنس میں ایمازون کے مالک جیف بیزوس نے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف دو ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا۔ فنڈ کاربن کا اخراج کم کرنے کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ چیف بیزوس نے کہا کہ ہمارے پاس جو ہے اسے بچانا ہے جو کھو دیا اسے واپس حاصل کرنا ہے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا 2050ء تک کاربن کا اخراج زیرو کرلیں گے۔ دریں اثناء موسمیاتی کانفرنس کے موقع پر مظاہرے بھی کئے گئے۔ کم عمر ماحولیاتی رکن گریٹا تھنیسرگ نے مظاہرے میں شرکت کی۔ گریٹا نے کہا کہ سیاستدان سنجیدگی کا دکھاوا کر رہے ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے سرگرم نوجوانوں کے ساتھ ہوں۔ 100 ممالک کامیتھین گیس اخراج 30فیصدکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن سے معاون خصوصی ماحولیات ملک امین اسلم نے ملاقات کی۔ امین اسلم نے ٹویٹ میں کہا جوبائیڈن نے وزیراعظم عمران خان کے میتھین میں کمی کے معاہدے میں شامل ہونے پر اظہار تشکر کیا۔ پاکستان میتھین معاہدے میں شامل ہونے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا۔