نفرت انگیز مواد‘ ستمبر میں 22 لاکھ بھارتی واٹس ایپ اکاؤنٹس بند
نئی دہلی (اے پی پی) سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ نے رواں سال ستمبر میں توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور نفرت انگیز مواد کی وجہ سے بھارت کے 22لاکھ سے زائد اکائونٹس کو بند کردیا ہے جس سے بھارتی معاشرے میں اخلاقی قدروں میں گراوٹ اور اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت کی عکاسی ہوتی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق واٹس ایپ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ ستمبر میں واٹس ایپ نے توہین آمیز زبان کے استعمال اور نفرت انگیز موادکی وجہ سے بھارتی صارفین کے مجموعی طور پر 22 لاکھ 9ہزار اکائونٹس کو بند کیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت سے استعمال ہونے والے واٹس ایپ اکائونٹس کی شناخت '+91' کے کوڈ کے ذریعے کی جاتی ہے۔ واٹس ایپ نے آئی ٹی رولز 2021 کے مطابق یکم سے 30ستمبر تک کی مدت کیلئے اپنی چوتھی ماہانہ رپورٹ گزشتہ روز جاری کی تھی۔ واٹس ایپ اپنے پلیٹ فارم کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے جن اکائونٹس پر پابندی لگاتا ہے ان کی مجموعی تعداد تقریبا اسی لاکھ ماہانہ ہے۔