• news

پنجاب‘ اسلام آباد کیلئے بلدیاتی ایکٹ 2021ء کا مسودہ تیار

لاہور، اسلام آباد (سٹی رپورٹر + نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021ء کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل اور دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ جبکہ سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل نے شرکاء کو نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مسودے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا  کہ آئندہ تین دن میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا مسودہ منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کو بھجوا دیا جائے گا۔ ایکٹ کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو زیادہ بااختیار بنایا جائے گا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے مؤثر نظام سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پرحل ہوں گے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصؤصی اقدامات اسد عمر نے  اسلام آباد بلدیاتی نظام  ایکٹ 2021 کے  جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی اعوان ، ایم این اے راجہ خرم نواز، سکرٹری قانون، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلدیاتی نظام ایکٹ 2021 کی سفارشات کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جو  دو حصوں پر مشتمل ہو گا جس کا پہلا حصہ میٹرو پولیٹین اسلام آباد جبکہ دوسرا حصہ نیبرہڈ کونسل پر مشتمل ہوگا۔ میٹرولیٹن کارپوریشن اسلام آباد میں پورے اسلام  آباد سے براہ راست میئر کا انتخاب کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے  کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لیے بااختیار اور بامقصد بلدیاتی نظام لایا جارہا ہے۔ جو اسلام آباد کے شہریوں کو گھر تک سہولیات دینے کا پابند ہوگا۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد کے بلدیاتی نظام ایکٹ کی سفارشات پر مشتمل مسودہ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن