این اے 133 جمشید اقبال چیمہ الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کر دی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات مسترد ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کر دی۔ گزشتہ روز قاضی مبین ایڈووکیٹ نے جمشید اقبال چیمہ کی جانب سے اپیل دائر کی۔ پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ الیکشن ٹربیونل انکی اپیل منظور کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے وقت تائید کنندہ کا ووٹ دوسرے حلقے میں منتقل کیا گیا ہو گا کیونکہ گزشتہ عام انتخابات میں انہوں نے ووٹ این اے 133 میں ہی کاسٹ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسے الیکشن لڑنا ہو گا۔ بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کی بنیاد کو چھوٹی سی غلطی قرار دیا اور کہا ہے کہ ہے یہ کوئی اتنی بڑی غلطی نہیں گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں سینیٹر اعجاز چوہدری، جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ الیکشن کمشن کو چاہیے کہ انہیں انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے اور اس چھوٹے حادثے کو بڑا حادثہ بنانے کی کوشش نہ کرے۔ شیڈول کے تحت آج (3 نومبر) ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ اپیلٹ ٹربیونل کی طرف سے اپیلوں پر فیصلہ سنانے کی آخری تاریخ 9 نومبر ہے۔