ڈینگی: صورتحال تشویشناک‘ چلڈرن ہسپتال میں 8ماہ کا بچہ چل بسا
لاہور/ فیروز والہ/اسلام آباد /راولپنڈی(این این آئی+ نامہ نگار+خبر نگار+جنرل رپورٹر) لاہور میں8 ماہ کا بچہ ڈینگی وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔ صوبے میں ڈینگی وائرس کی صورتحال تشویش ناک ہوچکی ہے۔ لاہور کے چلڈرن ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بچے موسی اسد کی ڈینگی رپورٹ مثبت آئی تھی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تشخیص کے2 دن بعد ہی8 ماہ کے بچے کی موت ہوگئی۔ یہ لاہور میں ڈینگی سے انتقال کرنے والا پہلا بچہ ہے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق لاروا کو بروقت تلف کرنے کی کارروائیاں نہ ہونے کی وجہ سے تحصیل فیروزوالہ، شاہدرہ اور ڈسٹرکٹ شیخوپورہ میں ڈینگی مچھر کی پرورش اور اس کے کاٹنے سے بخار میں مبتلا ہونے والے شہریوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک محکمہ صحت میں رپورٹ ہونے والے ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد 150 بتائی گئی ہے۔ جن میں سے 112 مریض ماہ رواں میں رپورٹ کئے گئے ہیں۔اسلام آباد‘ راولپنڈی سے خبر نگار‘ جنرل رپورٹر کے مطابق جڑواں شہروں میں بھی ڈینگی کیسسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پمز ہسپتال میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 8 نئے مریض داخل ہوئے۔ راولپنڈی سے جنرل رپورٹرکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 63 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ شہر بھر میں ڈینگی وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2710 تک پہنچ گئی۔