نمیبیا کو بھی شکست، پاکستان کی مسلسل چو تھی فتح، 5وین بارسمیی فا ئنل میں جا نیوالی پہلی ٹیم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے گروپ 2 کے میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو45رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 2وکٹوں کے نقصان پر 189رنز بنائے۔ اوپنرز نے سنچری پارٹنر شپ بنائی۔قومی ٹیم کو پہلا نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب کپتان 70 رنز بنا کر 113 کے سکور پر کیچ آؤٹ ہوئے۔فخر زمان 5 گیندوں پانچ رنز بناسکے ۔قومی ٹیم 122 پر دو وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ محمد حفیظ اور محمد رضوان نے 26 گیندوں پر ناقابلِ شکست 67 رنز کی برق رفتار پارٹنر شپ بنائی۔محمد رضوان نے50 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر جبکہ محمد حفیظ 16 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔نمیبیا کی ٹیم5وکٹوں پر144رنز بناسکی ۔کریگ ولیم چالیس‘ڈیوڈ ویسا 43ناٹ آئوٹ رنز بناکر نمایاں رہے ۔ حسن علی‘ عماد وسیم ‘حارث رئوف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سپر 12 مرحلے میں گروپ 1 کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے ہرادیا، پروٹیز ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میںسومعیہ سرکار، مشفق الرحیم، عفیف حسین اور نسیم احمد اپنا کھاتہ تک نہ کھول سکے جبکہ محموداللہ، محمد نعیم اور تسکین احمد دہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے۔آل راؤنڈر مہدی حسن 27 اور لٹن داس 24 رنز بناسکے۔کاگیسو ربادا اور انرک نورتجی نے 3، 3 ‘ تبریز شمسی کے دو اور ڈوین پریٹوریئس ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ نے ہدف 15ویں اوور میں 4 وکٹوں پر پورا کرلیا۔کپتان ٹیمبا باووما 31 رنز کیساتھ نمایاں رہے، رسی ویندر دوسن 22 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 16 رنز بنائے۔تسکین احمد نے دو جبکہ نسم احمد اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔کاگیسو ربادا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جیت کیساتھ جنوبی افریقہ کے 6 پوائنٹس ہوگئے جبکہ ایک میچ باقی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم باضابطہ طور پر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی جبکہ آسٹریلیا کیخلاف ایک میچ باقی ہے۔آج پہلا میچ نیوزی لینڈ اور سکاٹ لینڈ کے درمیان دن تین بجے جبکہ دوسرا میچ شام سات بجے افغانستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائیگا۔ بابر اعظم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بابر اعظم بطور کپتان سب سے زیادہ مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔بابر اعظم نے مجموعی طور پر 14 ففٹی پلس رنز بطور کپتان بنائے ہیں۔ ان سے قبل ویرات کوہلی نے بطور کپتان 13 مرتبہ 50 یا اس سے زائد کا سکور بنایا تھا۔ محمد رضوان نے بھی ویرات کوہلی سے ایک اعزاز چھین لیا۔ نمیبیا کیخلاف محمد رضوان 79 رنز بناکرناقابل شکست رہے۔ اس اننگز کیساتھ ہی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنز بنانے والوں کے بہترین ایوریج میں رضوان کا پہلا نمبر ہے۔ رضوان کا کیرئیر ایورج 52.66 ہوگیا۔ بھارت کے ویرات کوہلی کا بیٹنگ ایوریج 52.01 ہے۔کیرئیر میں کم از کم ہزار رنز بنانے والوں میں سب سے بہتر محمد رضوان بن گئے۔ نمیبیا کیخلاف میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے سب سے زیادہ سنچری پارٹنر شپ کا عالمی ریکارڈ توڑدیا۔دونوں نے مل کر پانچویں مرتبہ بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 100 یا اس سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنائی ہے۔ ان سے قبل نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن اور مارٹن گپٹل جبکہ بھارت کے روہیت شرما اور شیکھر دھوَن 4، 4 مرتبہ سنچری پارٹنر شپ بناچکے ہیں۔خیال رہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی تین مرتبہ 150 یا اس سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنانے والی واحد جوڑی بھی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے رواں ایونٹ میں سیمی فائنل میں کوالیفائی کرکے پانچویں مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان ٹیم 2007، 2009، 2010 اور 2012 میں مسلسل چار مرتبہ سیمی فائنل کھیل چکی ہے۔