• news

بھارت کی جواہر لعل یونیورسٹی کے طلبہ کا مسلم مخالف فسادات کیخلاف احتجاجی مظاہرہ 

نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبا نے نئی دلی میں شمال مشرقی ریاست تری پورہ میں ہندوانتہا پسندوں کے مسلمان مخالف فسادات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرے کا اہتمام جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طلبہ یونین نے کیا تھا۔ یونین نے طلباء سمیت شہریوں سے بھارتی دارالحکومت میں منڈی ہائوس سے جنتر منتر تک مارچ کی کال دی تھی۔ جیسے ہی طلباء منڈی ہائوس پہنچے اور انہوں نے مارچ شروع کیا، تو وہاں تعینات پولیس اور بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ مظاہرین نے مسلمانوں کے خلاف فسادات کی مذمت کی اور ہندوتوا سیاست کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے پولیس پر مسلمانوں کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے کا الزام لگایا اور تری پورہ میں تشدد کے واقعات کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس مساجد اور مسلمانوں کی املاک پر انتہاپسند ہندوئوں کے حملوں کے بارے میں معلومات چھپا رہی ہے۔ جواہر لال نہرو یونیوسٹی سٹوڈنٹس یونین کی صدر عائشہ گوش نے تری پورہ میں ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد کے کارکنوں کی طرف سے مسلمانوں اور ان کے گھروں پر حملوں اور مساجد میں توڑ پھوڑ کی مذمت کی۔

ای پیپر-دی نیشن