یونیورسٹی کیمپس میں بلیوں کی خوراک کیلئے آٹو میٹک فیڈر کا افتتاح
لاہور(لیڈی رپورٹر) لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کیمپس میں موجود بلیوں کی خوراک کیلئے آٹو میٹک فیڈر کا افتتاح کر دیا گیا۔ تقریب کا اہتمام انچارج اینیمل ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن سوسائٹی آمنہ عبید خواجہ نے کیا۔رکن پنجاب اسمبلی عائشہ اقبال نے خصوصی شرکت کی۔ یونیورسٹی کیمپس میں بلیوں کی خوراک کیلئے تجرباتی بنیادوں پر ایک آٹومیٹک فیڈر نصب کیا گیاہے ۔ آبزرویشن کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں مزید آٹومیٹک فیڈرز نصب کئے جائیں گے۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ اسلام میں انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے حقوق بھی متعین کیے گئے ہیں،ہمیں اشرف المخلوقات ہوتے ہوئے بہترین معاشرے کی تشکیل کیلئے انسانوں کے ساتھ جانوروں کیلئے بھی سہولیات کا اہتمام کرنا چاہیے۔ ڈین فکیلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد افضل، چیئرپرسن اپلائیڈ سائیکالوجی ڈاکٹر آمنہ معظم، ویٹرنری ڈاکٹر ولید شیخ ، عدیلہ حق سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔