احساس بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سروے دوبارہ کرایا جائے
مکرمی! حکومت نے گزشتہ سال بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سروے ملک بھر میں کسی نجی ادارے سے لیکر کرایا تھا جوکہ کسی صورت میں صاف شفاف طریقے سے نہ ہوا تھا جس کی وجہ سے ہزاروںخواتین سروے نہ ہونے کی وجہ سے محروم ہو چکی ہیں۔ سروے ٹیم کو ہر گھر میں جا کر معلومات حاصل کرنی چاہئے تھی‘ لیکن وہ ڈور ٹو ڈور جانے کی بجائے کسی ڈیرہ پر بیٹھ کر سروے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کئی مستحق‘ غریب خواتین بشمول بیوگان محروم رہ گئی ہیں۔ اس سروے کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحصیل دفاتر میں روزانہ سینکڑوں خواتین اپنے سروے کرانے آرہی ہیں۔ اور دفتری عملہ کیلئے روزانہ سینکڑوں خواتین کا سروے کرنا ناممکن ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی خدمت میں التماس ہے کہ وہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر صاحبہ معاون خصوصی کو حکم دیں اور ہدایت کریں کہ ضلع میانوالی میں احساس کفالت پروگرام کا سروے کسی تھرڈ پارٹی سے کرائیں۔ دوبارہ سروے کرنے سے محروم رہنے والی مستحق خواتین اور بیوگان اس دوبارے سروے میں مستحق قرار پائیں گی اور محروم خواتین آپ کو زندگی بھر دعائیں دیں گی۔ (سید لطف علی بخاری موچھ میانوالی)