• news

بھارت نے افغانستان کو 66رنز سے ہرا دیا‘سوشل میڈیا پر فکسنگ کے چرچے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو ہرا سیمی فائنل دوڑ سے باہر کر دیا۔ بھارت نے افغانستان کو 66رنز سے شکست دیدی۔ ابو ظہبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے 2وکٹوں پر 210رنز بنائے۔ روہیت شرما اور کے ایل راہول نے 140 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ روہیت شرما نے 74 اور کے ایل راہول نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہاردیک پانڈیا 35 اور ریشبھ پنت 27 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ کریم جنت اور گلبدین نائب ایک ایک وکٹ لے سکے۔ افغان ٹیم جواب میں 7وکٹوں پر 144رنز بناسکی۔ کریم جنت 42اور کپتان محمد نبی 35رنز بناکر نمایاں رہے ۔ محمد شامی نے تین اور روی چندرن ایشون  نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ روہیت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت کی جیت کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر میچ فکسنگ کے حوالے سے طوفان آگیا۔ صارفین نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ فکس تھا۔ صارفین نے کہا افغانستان جان بوجھ کر میچ ہارا ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت کو رن ریٹ بہتر کرنے کیلئے 63رنز کی فتح درکار تھی جبکہ 66رنز سے میچ جیتا۔ افغانستان کی ٹیم نے وہ کھیل پیش نہیں کیا جس کی توقع کی جارہی تھی۔ نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دیدی۔ دبئی میں کھیلے گئے  میچ میں نیوزی لینڈکے 172 رنز کے جواب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم 5 وکٹوں پر 156 رنز بناسکی۔ جارج منسے 22 ، مائیکل لیسک 42 ‘کائل کوئٹزر 17 ، میتھیو کروس 27 ، رچی برینگٹن 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹرینٹ بولٹ، ایش سوڈھی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں پر 172 رنز بنائے تھے، مارٹن گپٹل نے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔گلین فلپس 33 رنز کیساتھ نمایاں رہے تھے، کپتان کین ولیم سن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بریڈ ویل اور سفیان شریف نے دو دو، وکٹیں حاصل کیں۔ مارٹن گپٹل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سکاٹ لینڈ نے انجرڈ جوش ڈیوی کی جگہ الاسدیر ایوان کو فائنل الیون میں شامل کیا جبکہ کائل کوٹزر بھی بطور کپتان ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے 4 پوائنٹس حاصل کرلیے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے صرف دو فتوحات درکار ہیں۔ مسلسل تیسری ناکامی کے بعد سکاٹ لینڈ کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی جبکہ دو میچز باقی ہیں۔ آج پہلا میچ دن تین بجے آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی میں جبکہ دوسرا میچ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شام سات بجے ابو ظہبی میں کھیلا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن