پٹرولیم مصنو عات مزید مہنگی، کئی شہروں میں چینی 150روپے کلو
لاہور، اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) مقامی تھوک مارکیٹ میں گزشتہ روز 100 کلو چینی کی قیمت میں 1200روپے اضافہ ہو گیا ہے اور اس کا ریٹ 13200روپے سے بڑھ کر 14400روپے ہو گیا ہے۔ شوگر ڈیلرز کے مطابق مارکیٹ میں چینی کی سپلائی ڈیمانڈ کے مقابلے میں بہت کم ہے جس کے باعث ایک دن میں 100 کلو چینی کی قیمت میں 1200روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ پرچون سطح پر ابھی ایک کلو چینی کی قیمت 130روپے سے 135روپے ہے تاہم آج جب تھوک مارکیٹ سے چینی کے نئے نرخوں پر سپلائی ہو گی تو پرچون سطح پر ایک کلو چینی کی قیمت 145روپے سے146روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مختلف شہروں میں چینی 150 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے۔ پشاور کی ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو گرام چینی کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ ہول سیل میں چینی 140 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ چینی کی ریٹیل قیمت 145 سے 150 روپے فی کلو تک ہو گئی ہے۔ دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے اکبری منڈی میں چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے ہو گئی ہے اور پرچون میں چینی 140 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ چینی کے ڈیلرز نے ناجائز منافع کمانے کے لیے مصنوعی قلت پید کر کے چینی کی قیمت بڑھا دی ہے۔ کراچی میں بھی چینی کی ایکس ملز قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر 136 روپے کلو ہو گئی ہے۔ دو ہفتوں میں چینی کی ایکس ملز قیمت 38 روپے فی کلو بڑھ چکی ہے۔ کوئٹہ میں بھی 5 روپے کلو اضافے کے بعد 124 سے بڑھ کر 129 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ شوگر ملزمیں کرشنگ سیزن شروع ہونے میں ایک ماہ باقی ہے لیکن چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ انڈسٹری ماہرین کا کہنا ہے کہ گنے کی کرشنگ کا سیزن تاخیر سے شروع ہونے سے طلب و رسد کا فرق بڑھ رہا ہے۔ ادھر سندھ کابینہ نے گنے کی قیمت ڈحائی سو روپے فی چالیس کلو گرام مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے ملک میں چینی درآمد کرنے کے ٹینڈر منسوخ کر دیئے۔ آخری کھیپ 30 نومبر کو پہنچے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے ڈالر کے مستقل مہنگا ہونے اور روپے کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے بیرون ملک سے چینی درآمد کرنے کے فیصلے کو منسوخ کر دیا ہے۔ حکومت ملز مالکان کے گنے کی کرشنگ کا انتظار کر رہی ہے جس سے چینی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ دریں اثناء ڈبل روٹی سمیت مختلف بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں 3سے 10روپے تک اضافہ کر دیا گیا جس کا اطلاق کل ( ہفتہ) سے ہوگا۔ قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق سینڈوچ بریڈ کی قیمت 15روپے اضافہ کے بعد 160روپے ،لارج ڈبل روٹی 10روپے اضافے سے 130روپے ، مال ڈبل روٹی 5روپے اضافے سے 70روپے ، فروٹ بن 5روپے اضافے سے 30روپے ، برگر چار پیس 10روپے اضافے کے بعد 75روپے ، لارج رس 5روپے اضافے کے بعد 75 روپے، چھوٹا رس کا پیکٹ 5روپے اضافے کے بعد 15روپے ، سادہ کیک بڑا 10روپے اضافے سے110روپے ، سادہ چھوٹا کیک 5روپے اضافے سے65روپے ، فروٹ کیک 15اضافے سے 115روپے جبکہ ، باقر خانی کے پیکٹ کی قیمت 60روپے ہی برقرار رکھی گئی ہے۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکموت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 03 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 19 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 148 روپے 62 پیسے فی لٹر ہو گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 27 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لٹر ہو گئی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 72 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 114 روپے 07 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔