ڈرامہ’ ارطغرل غازی‘ پورے ہفتے دکھایا جائے
مکرمی! ڈرامہ ارطغرل غازی ہی ایک ایسا ڈرامہ ہے جسے سب پاکستانی شوق سے دیکھتے اور اسکی اگلی قسط کا انتظار کرتے ہیں اگرچہ بعض سیکولر لوگوں کے سینے پر اسکی مخالفت کے سانپ بھی لوٹتے نظر آتے ہیں۔ مگر ہمیں پی ٹی والوں سے ازحد شکایٔت ہے کہ ایک تو اس مقبول ڈرامے کو ہفتے میں صرف پانچ دن دکھاتے ہیں اور دو دن کے لیٔے عوام الناس اور ناظرین کوانتظار کی سولی پر لٹکادیتے ہیں۔ نہ جانے انکی کونسی مجبوری ہے کہ پورا ہفتہ یعنی ساتوں دن کیوں نہیں دکھاتے۔ان سے گزارش ہے کہ ڈرامہ پورا ہفتہ دکھایا جائے بغیر ناغے کے۔ دوسری شکایت یہ ہے کہ ڈرامہ صرف آدھا گھنٹہ ہی دکھایا جاتاہے یعنی آٹھ بجکر پانچ منٹ پر شروع کرکے آٹھ بجکر بیس منٹ تک دکھا کراشتہاروں کے لئے وقفہ کردیا جاتا یے جو دس منٹ تک چلتا ہے اور پھر ساڑھے آٹھ سے پونے نو بجے کے بعد ختم کر دیا جاتا ہے۔ ہم یہ تو نہیں کہتے کہ اشتہار نہ دکھائیں مگر اشتہاروں کی بھرمار میں ڈرامہ کیوں مختصر دکھایا جاتا ہے؟ (میاں محمد رمضان، ٹائون شپ لاہور)