• news

اسلام آباد ، فیصل آباد دیگر شہروں میں مہنگائی کیخلاف احتجاج

اسلام آباد‘ پشاور‘ فیصل آباد‘ کوٹ رادھا کشن  (نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے ہوشربا مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی جلسے اور مظاہروں کے حوالے سے حسن ابدال میں پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام بڑا جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسے کے بعد جیالوں نے سڑک پر بھرپور احتجاج کیا۔ پیپلز پارٹی کے  سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری نے حسن ابدال مہنگائی کے خلاف جلسہ سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں پاکستان خطے میں سستا ملک ہے۔ شرم آنی چاہیے۔ لوگ ایک وقت کی روٹی سے محروم ہیں۔ مریض دوائی سے لاچار ہے۔ لوگ بھوک وافکاس کے مارے لوگ بچوں کے ہمراہ خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ نیئر بخاری نے مزید کہا کہ دو کروڑ لوگوں کیلئے ایک سو بیس ارب کا نام نہاد ریلیف پیکج مذاق ہے۔ ایک سو بیس ارب روپے کو6 ماہ پر تقسیم کیا جائے تو فی فرد کے حصے میں صرف پانچ روپے آتے ہیں۔ وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا عمران خان سے نجات تک احتجاج جاری رہے گا۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف عوامی حقوق کی خاطر سڑک پر ہیں۔ ضلح بھر میں احتجاج ہوگا۔ عوام اپنے حق کے لئے باہر نکلیں۔ جلسہ سے پی ایل پی کے صدر گل خٹک سردار اشعر سردار ذوالفقار نے بھی خطاب کیا۔ کوٹ رادھا کشن میں پی ڈی ایم  کی کال پر مہنگائی ، بے روزگاری ،غربت ، معاشی و معاشرتی عدم مساوات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، احتجاجی ریلی کے شرکاء  سے صدر مسلم لیگ ن ضلع قصور رانا سکندر حیات خاں، ایم این اے ملک رشید احمد خاں، ایم پی اے چوہدری محمد الیاس گجر اور جنرل سیکرٹری جے ہو آئی تحصیل کوٹ رادھاکشن مولانا عبدالوحید کا خطاب، مقررین نے نااہل حکومت سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ صدر مسلم لیگ ن تحصیل کوٹ رادھاکشن رؤف نواب چوہدری، سٹی صدر ناصر اقبال غوری نے ریلی کو آرگنائز کیا۔ جبکہ یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے ضلعی صدر یوتھ ونگ ملک مظہر حیات خاں کی قیادت میں حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی میں جمعیت علمائے اسلام، مرکزی جمعیت اہلحدیث، مرکزی تاجر اتحاد، نائب صدر مسلم لیگ ن لاہور ڈویژن چوہدری کامران خوشی، انجمن تاجران موبائل مارکیٹ، مسلم سٹوڈنٹ فیڈریشن کے نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ جے آئی یوتھ کے کارکنان کا پٹرولیم مصنوعات اور چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے، مہنگائی لاقانونیت کے خلاف کوہ نور چوک سے عبداللہ پور تک احتجاجی مارچ، سینکڑوں نوجوانوں نے احتجاجی مارچ میں شرکت کی۔ مارچ کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،  ضلعی صدر جے آئی یوتھ چوہدری عمر فاروق گجر، امیدوار این اے 109شیخ محمد مشتاق، جے آئی یوتھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود، نائب صدر محمد فاروق، پی پی پی107کے صدر حافظ نوید اعوان، پی پی114کے وقاص خان، پی پی 115کے زید اطہر، پی پی116کے مرزا محمد نوید اور دیگر نوجوانون رہنماؤں نے کی۔  حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کے خلاف خیبر پی کے اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے خیبر روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دی جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے اور سیدھا جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن