گھریلوں صارفین کیلئے بجلی 1.68روپے یونٹ مہنگی
اسلام آباد (نامہ نگار) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے اگلے ہی روز عوام کو ایک اور جھٹکا۔ بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے ٹیرف کا اطلاق یکم نومبر2021سے ہو گا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہو گا۔ 700اور زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے یونٹ کی قیمت 24روپے 33پیسے مقرر کی گئی ہے۔ نیپرا اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق بجلی کی بنیادی قیمتوں میں ایک روپے 68پیسے فی یونٹ تک اضافہ کر دیا گیا۔ کمرشل و صنعتی صارفین کے لیے ایک روپے 39پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ فیصلے کے مطابق اضافے کا اطلاق لائف لائن اور 200یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہو گا۔ قیمتوں میں اضافے سے بجلی کے یونٹ کی قیمت 24روپے 33پیسے تک ہو گئی۔ 300یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 13روپے 83پیسے فی یونٹ ہو گئی۔ 400سے 700یونٹ استعمال کرنے والے صارفین 21روپے 23پیسے فی یونٹ ادا کریں گے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہو گا۔