خدا خوفی بلندی درجات اور قرب الٰہی کا ذریعہ ہے : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ انسانی معاشرے میں برائی کامیلان اور رحجان نیکی سے زیادہ ہوتا ہے۔ برائی میں بڑی جازبیت اور لذت ہوتی ہے۔ شیطان برائی کو اس طرح مزین کرتا ہے کہ بڑے بڑے پھسل جاتے ہیں۔ اگر چہ ایسے میلان و رحجان کو روکنے اور سزا دینے کے لیے قوانین موجود ہیں لیکن اس سے رکنا صرف خدا خوفی اور آخرت میں جواب طلبی کے احساس سے ہی ممکن ہے۔ اس لیے خد ا خوفی بلندی درجات اور قرب الٰہی کے حصول کا سبب اور ذریعہ ہے۔سورہ رحمن کی یہ بشارت بھی اس پر دلالت کرتی ہے کہ ’’ جو انسان رب کے سامنے کھڑا ہونے سے ڈرگیا اس کے لیے دو جنتیں ہیں‘‘ ارشاد نبوی ہے کہ اصل نجات خدا خوفی میں چھپی ہے کیونکہ یہ ہی ہر برائی سے بچا کر اسے کامیابی سے ہمکنار کرتی ہے۔ اللہ ہمیں عذاب دیکر کیا کرے گا اگر ہم اس کے خوف اور جواب طلبی کے احساس کے ساتھ زندگی گزاریں۔ خدا خوفی ہی حقیقی مسلمان کی پہنچان ہے۔