احساس راشن پروگرام غریب گھرانوں کیلئے احسن اقدام: حسان خاور
لاہور(نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 120 ارب کے مختص فنڈز سے شروع کیا گیا احساس راشن پروگرام غریب گھرانوں اور نچلے طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی احسن اقدام ہے۔ چھ ماہ پر محیط اس پروگرام سے دو کروڑ گھرانوں کے تقریباً دس کروڑ افراد کو آٹا، دال اور گھی پر ماہانہ ایک ہزار روپیہ سبسڈی دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے لاہور میں سینیئر صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کو احساس راشن پروگرام کے حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ بریفنگ میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن و براڈ کاسٹنگ فواد چوہدری اور معاون خصوصی وزیرِاعظم برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اس موقع پر ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ ماہانہ 31 ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کی رجسٹریشن کل پیر سے شروع کردی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک ویب پورٹل بنایا جائے گا۔ رجسٹریشن کا عمل 3 سے 4 ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا۔ رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ فون نمبر درکار ہو گا۔ جو اشیاء کی خریداری سے قبل خاص سٹورز پر دیا جائے۔ جس کے بعد شہری سستے داموں اشیاء حاصل کر سکیں گے۔ معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں رجسٹر ہونے کے خواہشمند ریٹیل سٹورز کی تصدیق کی جائے گی۔ علاوہ ازیں حسان خاور نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے حکومت مخالف بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے ثابت ہو چکا ہے کہ اپوزیشن کو عوام کا نہیں، اقتدار سے دوری کا غم کھائے جا رہا ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ سندھ حکومت کرشنگ میں تاخیر سے دانستہ بحران کو دعوت دے رہی ہے۔ آج سندھ میں آٹا اور چینی پنجاب سمیت تمام صوبوں کی نسبت مہنگے بک رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پر ن لیگ کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں درآمد شدہ چینی وافر مقدار میں موجود ہے اور حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر 90 روپے کلو بک رہی ہے۔