غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی بچہ شہید
غرب اردن(این این آئی )قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک فلسطینی بچے کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 13 سالہ محمد دعدس کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے معائنے سے پتا چلایا تو بچے کا دل کام کرنا چھوڑچکا تھا۔ اس کے پیٹے میں گولیاں لگی تھیں جس اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں اس کی زندگی بچانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ادھر غرب اردن میں نابلس شہر میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ قابض فوج نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔نابلس میں ہلال احمر کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ بیتا اور بیت دجن کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے ۔