عالمی مہنگائی کم ہوتے ہی عوام کو ریلیف دیں گے: فرخ حبیب
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پیدا شدہ صورتحال کا احساس ہے۔ اسی لئے حکومت کم آمدنی والے اور غریب افراد کو مہنگائی کی لہر سے بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ جونہی عالمی سطح پر مہنگائی میں کمی ہوگی ہم بھی فوری قیمتیں کم کر کے عوام کو تمام ممکن ریلیف دیں گے۔ ہفتہ کی شام ہلال احمر کے زیر اہتمام کرونا وبا کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا فرخ حبیب نے کہا کہ کرونا کے باوجود ہم نے تاریخ کی سب سے زیادہ برآمدات کیں۔ ہماری گڈز ایکسپورٹ 25.4 ارب ڈ الر، بیرون ملک سے ترسیلات زر 30 ارب ڈالر، ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پچھلے 4 ماہ میں 6 ارب ڈالر سے کراس اور دیگر برآمدات بھی ساڑھے 9 ارب ڈالررہیں۔ اسی طرح آئی ٹی کی برآمدات میں 42 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایس ایم ایز کو بغیرگارنٹی ایک کروڑ روپے تک قرض دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ شور مچانا اور مایوسی پھیلانا چھوڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی لیکن جب عالمی منڈی میں قیمت کم ہوگی تو ہم بھی قیمت کم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر، کے پی کے ‘ ساہیوال و ڈی جی خان ڈویژن میں ہر گھرانے کو صحت کارڈ مل گیا ہے جبکہ پنجاب کی تمام آبادی کو اگلے ماہ دسمبر کے آخر تک صحت انصاف کارڈ مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک ٹیکنالوجی میں تربیت کی فراہمی کے شاندار نتائج حاصل ہوں گے اور ہنر مند نوجوان پاکستان کی معیشت میں مزید ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ اسلام آباد سے اے پی پی کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے یوم شہداء جموں کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ 6نومبر 1947ء کو بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ گرائے لاکھوں مسلمانوں کو بے رحمی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر کے جغرافیائی تبدیلی پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔