• news

پی ڈی ایم29یا30نومبرکو لاہور میں احتجاج،دسمبر میں لانگ مارچ کریگی


لاہور (فاخر ملک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ملک کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نومبر میں مارچ کرنے اور بعد ازاں لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں مہنگائی مارچ کیا جائے گا۔ مہنگائی مارچ کے بعد احتجاجی تحریک کا اختتام لانگ مارچ پر ہوگا یہ فیصلہ گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے ورچوئل سربراہی اجلاس میں کیا جس کی صدارت مولانا فضل الرحمان نے کی۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز، محمود اچکزئی، سردار اختر مینگل اور آفتاب شیرپاؤ شریک ہوئے ذمہ دار ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم صوبوں میں مہنگائی مارچ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میںکریگی۔ 13 نومبرکو کراچی،17 نومبر کو کوئٹہ، 20 نومبر کو پشاور اور لاہور میں 29 یا 30 نومبر کو مہنگائی کیخلاف مارچ کی تجویز دی گئی ہے۔ صوبوں میں مہنگائی مارچ کے بعد احتجاجی تحریک کا اختتام لانگ مارچ پر ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اور مہنگائی کیخلاف لانگ مارچ دسمبر میں کیا جائے گا۔ تاہم لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان اگلے اجلاس میں طے کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم جماعتوں نے 10 نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق بھی حکمت عملی پر غور کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن