ڈینگی کیسزمیں ریکارڈ اضافہ،لاہور کے4افراد سمیت5جاں بحق
لاہور‘ اسلام آباد (سٹی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز+ اے پی پی) اسلام آباد‘ پنجاب‘ خیبر پی کے میں ڈینگی کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں مزید چار افراد ڈینگی سے جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ مرنے والے ایک شخص کا تعلق خیبر پی کے سے ہے۔ مذکورہ علاقوں میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 89 ہو گئی ہے۔ پنجاب بھر میں ڈینگی کے561 نئے مریض سامنے آ گئے۔ اسلام آباد میں مزید 86 شہری ڈینگی سے متاثر ہو گئے۔ خیبر پی کے میں ڈینگی کے 172 مریض زیرعلاج ہیں۔ اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے کیسز اور اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں جاں بحق افراد کی تعداد 63 ‘ پنجاب میں مزید561 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 17 ہزار 588 ہوگئی۔ سیکرٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کے مطابق لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے ایک ہزار 562 مریض داخل ہیں۔ جبکہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے 5 ہزار 436 بستر مختص کئے گئے ہیں۔ ادھر اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ مزید 86 افراد مریض سامنے آگئے۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مجموعی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 71 ہے۔ اسلام آباد میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہے۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے صورتحال بگڑنے لگی۔ مزید 183 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پشاور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی۔ جبکہ صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہے۔ پشاور میں متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 599 ہو گئی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے لاہور سے 388، راولپنڈی سے 34، گوجرانولہ اور ملتان سے 11، 11، فیصل آباد سے 9، وہاڑی سے 8 اور قصور سے7 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت نے پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لئے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔