• news

ڈسکہ الیکشن رپورٹ: عمران استعفی دیں،کارروائی کی جائے، شہباز شریف

اسلام آباد (خبر نگار) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عمران خان استعفیٰ دیکر قانون کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار بھی لوٹنے اور چھیننے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری ثابت ہو چکی، عمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے؟۔ عمران نیازی صاحب طاقتور ہیں، لائیں خود کو قانون کے نیچے؟۔ نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لیے بڑا دل گردہ چاہیے۔ عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو اس رپورٹ کے آنے کے بعد استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں۔ ڈسکہ میں ووٹ چوری پکڑے جانے پر عمران نیازی کو سیاہ انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی ضرورت پڑی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، پٹرول سمیت اشیائے ضروریہ کی تاریخی مہنگائی کے بعد حکومت تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خرید کر قوم پر مزید ظلم ڈھا رہی ہے۔ 30 ڈالر سے زائد فی ایم ایم بی ٹی یو کی خریداری ایک اور بڑا ظلم اور سنگین سکینڈل ہے۔ حکومت کے مجرمانہ رویے کی قیمت عوام سے وصول کی جائے گی جسے صرف اندھیر نگری چوپٹ راج ہی کہا جا سکتا ہے۔ آٹے سے لے کر دوائی، چینی سے لے کر ایل این جی تک کرپشن، نااہلی اور لوٹ مار دکھائی دے رہی ہے جبکہ موجودہ حکومت تحریک لوٹ مار اور فراڈ بن چکی ہے۔  تین دن ہوگئے، الیکشن کمشن کی ڈسکہ رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی؟۔ کیا اسے این ار او کہا جائے؟۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے کرپٹ ترین قرار پانے والی حکومت چوری کا مال اور اپنی کھال بچانے کے لئے نیب ترمیمی آرڈیننس لائی۔ ایسی دھاندلیاں کرکے پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہیں۔

ای پیپر-دی نیشن