برطانیہ میں خالصتان کیلئے ریفرنڈم کا دوسرا مرحلہ‘ 30 ہزار سے زائد سکھوں نے ووٹ ڈالا
لندن (این این آئی) آزاد سکھ وطن کیلئے رائے شماری کا دوسرا مرحلہ اتوار کو لندن میں شروع ہوا۔ پہلا مرحلہ بھی 31 اکتوبر 2021ء کو لندن میں منعقد ہوا تھا۔ جس میں 30 ہزار سے زیادہ سکھوں نے ایک علیحدہ وطن کے حق میں ووٹ ڈالے تھے۔ ریفرنڈم کے مزید مراحل 14 اور 21 نومبر کو دیگر برطانوی شہروں میں ہوں گے۔ بعد ازاں امریکہ‘ کینیڈا‘ آسٹریلیا اور بھارتی پنجاب کے علاقے میں بھی رائے شماری کا انعقاد کیا جائے گا۔ خالصتان ریفرنڈم کے نتائج کو اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ تاکہ سکھ وطن کی حمایت حاصل کی جا سکے۔ سیاسی ماہرین نے کہا ہے کہ لندن میں سکھ ریفرنڈم کے انعقاد کو مودی کی قیادت میں بھارت کی شکست سمجھا جا رہا ہے۔ کیونکہ وہ تمام سیاسی حربے آزمانے کے باوجود اسے روکنے میں ناکام رہا ہے۔ کینیڈا میں خالصتان کے حامی سکھ گروپ، سکھ فار جسٹس نے بھارت میں سکھوں کے علیحدہ وطن سے متعلق مقدمے کے پہلے مرحلے میں کامیابی حاصل کر لی۔ سکھ فار جسٹس پر الزام لگایا گیا تھا کہ خالصتان ریفرنڈم کے پراجیکٹ کو پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔ رپورٹ میں سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں پر پاکستان سے یکجہتی کا الزام لگایا گیا تھا اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ ریفرنڈم کیمپین کی پشت پر سکھ نہیں پاکستان ہے۔ کینیڈا کی عدالت کا فیصلہ ریفرنڈم کیمپین کے آغاز سے چند دن قبل آیا تھا۔ جس دوران پاکستان پر سکھوں کی ریفرنڈم کیمپین کی پشت پناہی کا الزام غلط ثابت ہوا۔